سابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس میں واپسی کا اعلان
سابق امریکی صدر کا وائٹ ہاؤس میں واپسی کا اعلان
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر وائٹ ہاؤس میں واپسی کا اعلان کرتے ہوئے 2024 میں صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کئی ماہ سے اشارہ دیا جارہا تھا کہ وہ ایک بار پھر وائٹ ہاؤس جانے کی دوڑ کا حصہ بن سکتے ہیں۔
فلوریڈا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دو ہزار چوبیس کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ امریکہ کے روشن مستقبل کی خاطر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ کمپین صرف میری نہیں بلکہ پورے امریکا کی ہے، آپ کا ملک آپ کی آنکھوں کے سامنے تباہ ہورہا ہے۔
سیاست میں ڈونلڈ ٹرمپ کی دلچسپی کئی دہائیاں پرانی ہے، انہوں نے پہلی بار 1987 میں صدارتی انتخاب لڑنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ 2000 میں انہوں نے ریفارم پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کی کوشش کی۔ ماضی میں وہ اپنے اسکینڈلز، خواتین کے حوالے سے نازیبا ریمارکس، امریکی صدور پر شدید تنقید کے حوالے سے خبروں کا حصہ بنتے رہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق، ان کے اثاثے 10 بلین ڈالر سے زائد ہیں۔ ٹرمپ کی پہلی دو شادیاں ناکام رہیں۔ سابق ماڈل میلانیا کناوس سے ٹرمپ نے 2005 میں تیسری شادی کی۔ ٹرمپ شوبز انڈسٹری اور ذرائع ابلاغ سے بھی خاصے متعلق رہے۔ انہوں نے مشہور ٹی وی سیریز دی اپرنٹس کے 14 موسموں کی میزبانی کی اور متعدد کتابیں بھی لکھیں۔